سری نگر ،09؍مئی (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) جموں وکشمیر پولیس نے دعویٰ کیا کہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں گرفتار کئے گئے چار ملیٹنٹ تین مقامی نوجوانوں کی حالیہ ہلاکت کے واقعہ میں ملوث ہیں۔ پولیس نے ان کے 6 اعانت کاروں کو بھی گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے گرفتار کئے گئے جنگجووں کی شناخت بلال احمد نجار، اعجاز احمد گوجری، ندیم کالیا اور ناصر احمد موچی کی حیثیت سے کی ہے۔
شمالی کشمیر رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) سنیل گپتا نے کہا کہ گرفتار کئے گئے ملیٹنٹ تین مقامی نوجوانوں کی حالیہ ہلاکت کے واقعہ میں ملوث ہیں۔
واضح رہے کہ 30 اپریل کو نامعلوم بندوق برداروں نے ضلع بارہمولہ کے خانپورہ میں شام دیر گئے ٹارگٹ فائرنگ کرکے تین افراد کو جاں بحق کردیا۔ ریاستی پولیس نے مہلوکین کی شناخت عاصف احمد شیخ، حسیب احمد خان اور محمد اصغر ساکنان کاکر حمام بارہمولہ کی حیثیت سے کی تھی۔